ثانیہ مرزا نے شعیب ملک کو حاصل کرنے میں پیش آنیوالی مشکلات بتا دیں، انٹرویو وائرل
02-27-2024
(ویب ڈیسک) بھارتی سابق ٹینس سٹار اور پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا کا پُرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے ماضی میں دیے گئے ایک انٹڑویو کا ویڈیو کلپ بہت وائرل ہورہا ہے، غالباً یہ ویڈیو 2022 کا ہے جس میں انہوں نے اپنے کیریئر، شادی اور پاکستان بھارت میں مماثلت اور فرق کے حوالے سے گفتگو کی۔ انٹرویو میں ثانیہ مرزا سے 2010 میں شعیب ملک سے شادی کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے اسے اپنی زندگی کا ایک ’مشکل مرحلہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران میرے متعلق بہت سی خبریں اور باتیں پھیلائی جارہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان باتوں کی وجہ سے مجھے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر جب ایک انسان کسی سے محبت کرتا ہے تو پھر اسے کسی چیز سے فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی کسی چیز کی پرواہ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’محبت میں انسان دماغ کے بجائے دل سے کام لیتا ہے، اس وقت ہمارے لیے اہم صرف ہمارا محبوب ہوتا ہے جسے ہم صحیح اور جائز طریقے سے حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان سب کے باوجود ہم ایک دوسرے کو حاصل کرکے خوش تھے۔ دوران انٹرویو ایک سوال کیا گیا کہ انہیں پاکستان اور بھارت میں کیا مماثلت اور فرق نظر آتا ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے ثانیہ نے کہا تھا کہ چونکہ میرا تعلق جنوبی ہندوستان سے ہے اس لیے مجھے دونوں ممالک کے لوگوں اور ثقافتوں میں کافی فرق محسوس ہوتا ہے لیکن اگر میں دہلی سے ہوتی تو مجھے اتنا فرق محسوس نہیں ہوتا کیونکہ دہلی اور لاہور کی ثقافت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے شعیب اور ثانیہ کی علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔