'والدہ خوش قسمتی کی علامت ثابت ہوئیں'، بابر نے سنچری کی وجہ ماں کو قرار دیدیا
02-27-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے گزشتہ روز کی شاندار پرفارمنس اور ناقابل شکست سنچری کی وجہ بتا دی۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے بابر نے اپنی اس بہترین پرفارمنس اور ناقابل شکست سنچری کا سہرا اپنی والدہ کے سر سجایا۔ کپتان نے کہا کہ ’مجھے بہت خوشی ہے کہ میری والدہ آج پہلی بار میرا میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں آئی ہیں، ورنہ وہ عام طور سے ٹی وی پر ہی مجھے کھیلتا ہوا دیکھتی تھیں‘۔ بابراعظم کا کہنا تھا کہ ’میری والدہ میرے لیے خوش قسمتی کی علامت ثابت ہوئی ہیں، وہ میرا میچ دیکھنے آئیں تو میں نے سنچری سکور کی، یہ ان کی ہی وجہ سے ہے‘۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے 111 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ بابراعظم کی اس شاندار پرفارمنس پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے انہیں قیمتی گاڑی تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دی تھی۔ پشاور زلمی نے پہلےکھیلتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر 201 رن بنائے تھے۔