پی ٹی آئی نے سپیکر قومی اسمبلی کیلئے عامر ڈوگر کو نامزد کر دیا

02-27-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے سپیکر قومی اسمبلی کے لئے عامر ڈوگر کو نامزد کر دیا۔

یاد رہے کہ عامر ڈوگر کا تعلق پنجاب کے ضلع ملتان سے ہے اور وہ عام انتخابات 2024 میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 ملتان سے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، انہوں نے ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے۔ منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اور وزیراعظم کے عہدے کے لئے نامزد امیدوار عمر ایوب نے بتایا کہ پارٹی نے قومی اسمبلی میں سپیکر کے عہدے کیلئےعامر ڈوگر کو نامزد کردیا ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے ممبر اسمبلی جنید خان کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا،  گزشتہ رات ہماری لودھراں کی سیٹ پر بھی شب خون مارا گیا، ہمارے لودھراں کے ایم این اے کو قومی اسمبلی ممبر کارڈ بھی جاری ہوگیا تھا اس کے باوجود اسے ری کاؤنٹگ میں ہرا دیا گیا۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اس چیز کے خلاف آخری دم تک عدالتوں میں جائیں گے، اسمبلیوں میں احتجاج کریں گے،عوام کو سڑکوں پر لائیں گے، پاکستان کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے اس لئے ملک میں حکومتیں پی ٹی آئی کی بنیں گی، بانی پی ٹی آئی نے سکھایا ہے آخری دم تک لڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جستجو اور جہاد حق اور سچ کیلئے ہے، عوام نے ہمیشہ جتوایا ، فارم 45 ہمارے پاس موجود ہے۔