تنقید کے نشتر چلانے والے سائمن ڈول بھی بابراعظم کے معترف
02-27-2024
(ویب ڈیسک) گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم پر تنقید کے نشتر چلانے والے نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں کمنٹیٹر سائمن ڈول پریزنٹیشن کے دوران بابراعظم کی اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف کھیلی گئی جارحانہ اننگز کی تعریف کررہے ہیں۔ انہوں نے بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے شاندار اننگز اور بہتر سٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کرنے پرانہیں سراہا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف بابراعظم نے 63 گیندوں پر 14 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ اس دوران انکا سٹرائیک ریٹ 176 سے زائد کا رہا۔ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں کیوی کمنٹیٹر نے بابر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ٹیم کے بجائے اپنے ذاتی سنگ میل کیلئے کھیل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ایڈیشن میں بابراعظم ٹی20 فارمیٹ میں تیزترین 10 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بنے، انہوں نے 271 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ کرس گیل کا ریکارڈ توڑا جنہوں نے 285 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ بابر پی ایس ایل 2024 میں بھی سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے ابتک کے 5 میچوں میں 80 سے زائد کی اوسط سے 330 رنز بنارکھے ہیں۔