پی ایس ایل: جارحانہ اننگز پر زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا بابر کو قیمتی تحفہ

02-27-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کپتان بابر اعظم کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف جارحانہ اننگز کھیلنے پر قیمتی تحفہ دے دیا۔

پیر کے روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن9 کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے پچھاڑ دیا۔ پشاور زلمی نے  پہلےکھیلتے ہوئے5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، زلمی کے کپتان بابراعظم63 گیندوں پر 111 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، بابراعظم کی اننگز میں 2 چھکے اور 14چوکے شامل تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار سنچری سکور کرنے پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بابر اعظم کو  قیمتی گاڑی تحفے میں دینے کا اعلان کیا۔ سوشل میڈیا پر  جاوید آفریدی نے قیمتی گاڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس ماڈل کی گاڑی کو پہلی بار بابر اعظم چلائیں گے جو پاکستان میں تیار کی گئی ہے۔