پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعدد اعزازات اپنے نام کرلیے
02-27-2024
لاہور: (سہیل قیصر) پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوکر مریم نواز نے متعدد اعزازات اپنے نام کرلیے۔
میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوگئیں اور انہوں نے اپنے منصب کا حلف بھی اٹھا لیا، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اُنہوں نے متعدد دیگر اعزازات بھی اپنے نام کرلیے ہیں۔ مریم نواز کو شریف خاندان کی طرف سے چوتھی وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز بھی مل گیا ہے، مریم کے والد نواز شریف اور چچا شہباز شریف بھی وزیر اعلیٰ پنجاب رہ چکے ہیں جبکہ ان کے چچا زاد بھائی حمزہ شہباز بھی اس مسند پر فائز رہ چکے ہیں۔ میاں نواز شریف اپریل 1985 ءسے اگست 1988 ءتک وزیراعلیٰ پنجا ب رہے، 1988 ءکےالیکشن کے بعد دسمبر1988ء سے اگست 1990 ءتک بھی سی ایم رہے۔ شہباز شریف واحد وزیر اعلیٰ ہیں جو سب سے زیادہ مدت تک اس عہدے پر رہے، شہباز شریف 1997 ءسے 1999 ءتک پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہے، وہ 2008ءسے 2013 ءاور پھر 2013 ءسے 2018 ءتک بھی پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے۔ مریم نواز کے چچا زاد بھائی حمزہ شہباز 2022ء میں 87 دنوں تک پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہے،علاوہ ازیں میاں نواز شریف تین بار اور ان کے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف ایک بار وزارت عظمیٰ کے فرائض نبھا چکے ہیں۔