شہر کے افق پر بادلوں کا بسیرا، موسم خوشگوار، بارش کا امکان
02-27-2024
لاہور: (سامیا سعید) محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت میں بارش کی نوید سنا دی۔
لاہور کے افق پر بادلوں نے بسیرا کرلیا جس کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ بھی متوقع ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کے امکانات ہیں جبکہ اٹک، راولپنڈی، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، گجرات اور حافظ آباد میں بارش ہوگی۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان اور رحیم یار خان میں بھی بادل برسیں گے، مری گلیات اور گردونواح میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم کو الرٹ کر دیا گیا ہے، کنٹرول روم سے ضلعی انتظامیہ کی کمیونی کیشن کا مربوط نظام موجود ہے،سیاح غیر یقینی موسم میں انتہائی محتاط رہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ نکاسی آب کے ذمہ دار اداروں کے پاس غفلت کی کوئی گنجائش نہیں، بارش کے دوران متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔