'آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ' کو 5 سال مکمل، بھارت آج بھی پاک فوج کا جواب نہیں بھولا

02-27-2024

(لاہور نیوز) بھارت کی دراندازی کے جواب میں پاکستان کے کامیاب ترین "آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ" کو 5 سال مکمل ہو گئے، 5 سال کے بعد بھی بھارت پاک فوج کا منہ توڑ جواب نہیں بھولا اور آج بھی پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اس پر خوف طاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 27 فروری 2019ء ہماری تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے، اس دن پاکستان کے عوام کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا، پاک فوج کی استقامت اور قابلیت کا اعتراف دنیا بھر کے عسکری ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ مسلح افواج نے مؤثر طریقے سے بھارتی دعوؤں کو رد کیا، ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیتے رہیں گے لیکن اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کیخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ آباد۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ 14 فروری 2019ء کو مودی حکومت نے منظم منصوبہ بندی کے تحت مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں جعلی حملہ کروا کے اپنے 40 فوجی مروائے اور اس کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے جواب دینے کی بڑھک لگائی۔ 26 فروری 2019ء کو بھارت نے رات کے اندھیرے میں سرجیکل اسٹرائیک کے نام پر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور بالاکوٹ میں بھارتی طیارے بم پھینک کر فرار ہو گئے، بھارت نے اس سرجیکل اسٹرائیک کو کامیاب قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی طیاروں نے دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپ کو نشانہ بنایا اور 300 کے قریب دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ بھارتی دراندازی کے اگلے ہی روز 27 فروری 2019ء کو پاک فضائیہ نے منہ توڑ جواب دیا اور مختصر فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی طیارے کو مار گرایا، اس دوران بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کو بھی زندہ گرفتار کیا گیا، پاک فضائیہ نے اس آپریشن کو "آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ" کا نام دیا، زیرِ حراست ابھی نندن پاکستان ملٹری کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور پاک فوج کے جوانوں کی میزبانی کا معترف ہوا۔ حراست میں ابھی نندن کی ایک وڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں اس نے پاکستانی چائے کی تعریف کی، سوشل میڈیا پر "ٹی از فنٹاسٹک" کا ہیش ٹیگ 36 گھنٹے زیرِ گردش رہا، پانچ سال بعد بھی ابھی نندن کی چائے کے پاکستان میں چرچے برقرار ہیں، ایک کپ چائے کیلئے بھارت کو اپنے طیارے کی قیمت ادا کرنی پڑی تھی، پاکستانی چائے اور پاکستان سے ملنے والا سبق بھارت صدیوں تک نہیں بھول سکے گا۔