وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پرائس کنٹرول کے لئے پائیدار اقدامات کا حکم
02-26-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی سے ریلیف کے لئے اقدامات کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں پرویز رشید، مریم اورنگزیب ، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی، افضل کھوکھر، ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری ، آئی جی اور دیگر نے شرکت کی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے پرائس کنٹرول کے لئے پائیدار اقدامات کا حکم دیتے ہوئے فوری پلان طلب کر لیا، انہوں نے 5 روز میں پرائس کنٹرول کے لئے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم بھی دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پرائس کنٹرول کے لئے باقاعدہ قانونی میکنزم موجود نہیں، عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے، گراں فروشی کے خاتمے کے لئے پائیدار سسٹم وضع کیا جائے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا پھلوں ، سبزیوں اور دیگر اشیا خوردونوش کے نرخ کنٹرول کئے جائیں، گراں فروشی کرنے والوں کی سزا یقینی بنائی جائے۔