فضائی آلودگی الزائمر کا باعث بن سکتی ہے
02-26-2024
(ویب ڈیسک) امریکی سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آلودگی الزائمر کا باعث بن سکتی ہے۔
امریکی ریاست جارجیا کی یونیورسٹی کے محققین کے مطابق آلودہ فضا کے پارٹیکولیٹ میٹرز، دماغ پر ایمیلائیڈ کی تہہ بڑھانے کا باعث بنتے ہیں جس سے الزائمر کے مرض کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ سائنسدانوں نے بتایا کہ تازہ ترین رپورٹ 224 ایسے افراد کے دماغوں کے تجزیوں کے نتیجے میں مرتب کی گئی جنہوں نے ریسرچ کیلئے اپنے دماغ عطیہ کئے تھے، فضائی آلودگی کے الزائمر کا سبب بننے سے متعلق ابھی مزید تحقیق ہونا باقی ہے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ خون میں شکر کی مقدار کم ہونے سے یادداشت متاثر ہونے لگتی ہے اور وقت کے ساتھ انسان کی یادداشت جاتی رہتی ہے، یادداشت میں کمی انسانی مزاج میں بگاڑ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سوچنے اور بولنے کی صلاحیتوں کو بھی متاثر کر دیتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق جیسے جیسے یہ مرض بڑھتا جاتا ہے دماغ کی ساخت میں تبدیلیاں آتی جاتی ہیں، جس سے ذہنی خلیات کو نقصان پہنچتا ہے اور انسان بتدریج موت سے قریب ہوتا چلا جاتا ہے۔ عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ الزائمر 65 برس سے زائد عمر کے افراد پر حملہ آور ہوتا ہے لیکن ماہرین کے مطابق یہ بیماری اس عمر سے پہلے بھی ہو سکتی ہے۔