دورۂ پاکستان: کیوی ٹیم کو سینئر کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا امکان

02-26-2024

(ویب ڈیسک) دورۂ پاکستان میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی دورۂ پاکستان کے دوران آئی پی ایل کھیل رہے ہوں گے، کین ویلمسن، ڈیون کانوے، ڈیرل مچل، راچن رویندرا اور مچل سانٹنر آئی پی ایل فرنچائزز کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ لوکی فرگیوسن، ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس بھی بھارتی لیگ کا حصہ ہیں۔ بھارتی بورڈ نے 22 مارچ سے 7 اپریل تک آئی پی ایل کے ابتدائی 21 میچز کا شیڈول جاری کر رکھا ہے جبکہ لیگ کے دوسرے مرحلے کا شیڈول بھارتی الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد کیا جائے گا۔ بھارتی الیکشن اپریل اور مئی میں ہونے کی توقع ہے جبکہ آئی پی ایل کا فائنل 26 مئی کو کھیلے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان اور بھارتی لیگ کی تاریخیں متصادم ہیں، نیوزی لینڈ نے اپریل کے وسط میں 5 ٹی 20 میچز کی سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، دورے کی مجوزہ تاریخ 14 سے 28 اپریل ہے۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کا پہلا ٹی 20 میچ 18 اپریل کو تجویز کیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کی سیریز راولپنڈی اور لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔