عوام کی خدمت کیلئے مریم نواز کی قیادت میں کام کریں گے: عظمیٰ بخاری

02-26-2024

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے مریم نواز کی قیادت میں کام کریں گے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج پنجاب کی تاریخ کا اہم دن ہے، عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، مہنگائی کم اور روزگار فراہم کرنا ہمارا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہوگا، جن لوگوں نے 9 مئی کا واقعہ کیا وہ سیاسی قیدی نہیں، مال غنیمت سمیٹنے، کور کمانڈر ہاؤس جلانے والوں کو معاف کرنے کی قانون میں گنجائش نہیں، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو کوئی بھی معاف نہیں کرے گا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اسمبلی میں اقدار کی پامالی نہیں کی، ہمیں اپنا تحفظ اور جواب دینا اچھے طریقے سے آتا ہے، وزیر اعلیٰ کی تضحیک کی جائے گی تو جواب دیں گے، مریم نواز کی قیادت میں بچیوں پر تیزاب گردی کے واقعات ختم کریں گے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز روایتی وزیراعلیٰ نہیں ہوں گی، ان کی سوچ مختلف ہے، آپ کو کام ہوتا نظر آئے گا، مریم نواز عام آدمی کی زندگی میں بہتری لائیں گی، ہم نے ہمیشہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی ہے۔