پی آئی اے کی ایک اور خاتون فضائی میزبان کینیڈا میں سلپ
02-26-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی ایک اور خاتون فضائی میزبان کینیڈا میں مبینہ طور پر غائب ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق مریم نامی فضائی میزبان اسلام آباد سے پی آئی اے کی ٹورنٹو کی پرواز نمبر پی کے 782 پر تعینات تھی جو کینیڈا پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر سلپ ہو گئی، مریم رضا کے مبینہ سلپ ہونے کا علم واپسی کی پرواز پر رپورٹ نہ کرنے پر ہوا۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر کینیڈا سلپ ہونے والی مریم رضا کے کمرے میں یونیفارم پر شکریہ پی آئی اے پر مبنی نوٹ لکھا پایا گیا، مریم رضا کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، اس سے قبل بھی متعدد فضائی میزبانوں کے مختلف ممالک میں غائب ہونے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی پی آئی اے کی خاتون فضائی میزبان کینیڈا میں مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئی تھی، فائزہ نامی فضائی میزبان اسلام آباد سے ٹورنٹو کی پرواز نمبر پی کے 781 پر تعینات تھی، فائزہ مختار کے مبینہ سلپ ہونے کا علم واپسی کی پرواز پر رپورٹ نہ کرنے پر ہوا۔