ماورا حسین کی راحت فتح علی خان کے پیروڈی گانے پر پرفارمنس،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

02-25-2024

(ویب ڈیسک) اداکارہ ماورا حسین کی معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان پربنائے گئے پیروڈی گانے پر پرفارم کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

رپورٹ کےمطابق گزشتہ دنوں معروف بھارتی گلوکار و موسیقار یش راج مکھاٹے نےراحت فتح علی خان پر ایک پیروڈی گانا تیار کیا تھا جس میں اُنہوں نے گلوکار کے وہ الفاظ استعمال کیے تھے جوکہ اُنہوں نے ایک تقریب کے دوران مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے بولے تھے۔ یش راج مکھاٹے نے راحت فتح علی خان پر تیار کیے گئے اس پیروڈی گانے کی ویڈیو اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی جسے ایک لاکھ کے قریب لائکس ملے تھے جبکہ صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے بھارتی موسیقار کے ٹیلنٹ کی تعریف کی تھی۔ اب معروف پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے بھی راحت فتح علی کے پیروڈی گانے پر ویڈیو بنائی ہے جوکہ اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے،ویڈیو میں ماورا حسین گاڑی میں بیٹھی ہیں اورراحت فتح علی خان کے ڈائلاگز پر بنائی گئی پیروڈی ویڈیو پر پرفارم کررہی ہیں۔ماورا حسین کی یہ دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین نے ماورا حسین کی تعریف کی۔