قومی اسمبلی کا اجلاس کسی کی ذاتی انا اور ضد کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہئے: علی حیدر گیلانی

02-25-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس کسی کی ذاتی انا اور ضد کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہئے۔

پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ ایوان صدر کو ایک مرتبہ پھر جمہوریت کش اقدامات کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر عملدرآمد کے پابند ہیں، آئین کا آرٹیکل 91 انہیں مقررہ وقت کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا پابند کرتا ہے۔ علی حیدر گیلانی نے کہا کہ عارف علوی اپنی مدت ختم ہونے کے باوجود ایوان صدر میں براجمان ہیں، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے میں لیت و لعل سے کام لینے والے کسی اور کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عارف علوی کے کمنٹس ان کی جانبداری ظاہر کرتے ہیں، صدر مملکت ایوان صدر کے تقدس کا خیال رکھیں۔