ہم نے شاہ برادرز کا دباؤ نہیں لینا بلکہ ٹیم کے لیے اچھا کرنا ہے: حنین شاہ
02-25-2024
(ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر حنین شاہ کا کہنا ہے کہ مجھ سمیت بھائی نسیم شاہ اور عبید شاہ نے شاہ برادرز کا دباؤ نہیں لینا بلکہ تینوں نے ٹیم کے لیے اچھا کرنا ہے۔
فاسٹ بولر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم کی جانب سے پی ایس ایل ڈیبیو کیا ہے جس کے لیے میں بہت پرجوش ہوں، ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بہت سپورٹ مل رہی ہے۔ حنین شاہ نے اپنے بھائی نسیم اور عبید شاہ سے متعلق سوال پر کہا کہ شاہ برادرز کہلانے سے ہم تینوں بھائی خود کو متحرک کریں گے۔ نسیم، عبید اور مجھ سے جو توقعات ہیں پوری کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے شاہ برادرز کا دباؤ نہیں لینا بلکہ مثبت انداز میں تینوں بھائیوں نے ٹیم کے لیے اچھا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے وہ اس وقت پاکستان کا سپر سٹار ہے، جب بھی کوئی مشکل پیش آتی ہے نسیم سے پوچھتے ہیں، وہ کرکٹ پر زیادہ بات نہیں کرتا، ڈسپلن اور دیگر چیزوں میں زیادہ سمجھاتا ہے۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ کرکٹ کی فیلڈ میں وہ ہمیں زیادہ تنگ نہیں کرتے نہ ہم زیادہ بات کرتے ہیں، ہم تینوں بھائی شروع ہی سے بولنگ کرتے ہیں، جب ٹیپ بال کھیلتے تھے تو فاسٹ بولنگ ہی کرتے تھے، فاسٹ بولر نیچرل ہوتے ہیں جب بھائی کھیل رہا ہوتو مزید آسان ہو جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ ملک کی نمائندگی کرے اور جتنا ہو سکے پرفارم کرے، میرا بھی یہی ہدف ہے، ہم تینوں اپنی اپنی جگہ محنت کر رہے ہیں ہم تینوں کا گول پاکستان کے لیے کھیلنا ہے،ہم تینوں لمبے عرصے تک پاکستان کے لیے خدمات انجام دینا چاہتے ہیں۔ حنین شاہ کا کہنا تھا کہ اگر ہم تینوں کی یہی خواہش ہے کہ ایک ساتھ پاکستان کے لیے کھیلیں، اگر ہم فوکس رہے تو ضرور کھیلیں گے۔