پنجاب کی حکمرانی کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلہ کل ہوگا

02-25-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کی حکمرانی کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلہ کل ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب گزشتہ روز ہوا اور یہ دونوں عہدے مسلم لیگ ن نے بھاری اکثریت سے حاصل کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کل ہوگا جس کے لئے انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کے جاری اعلامیے کے مطابق وزارت اعلیٰ کیلئے امیدوار کاغذات نامزدگی آج شام 5 بجے تک جمع کرا سکتے ہیں، جانچ پڑتال شام 5 بج کر 10 منٹ تک کی جائیگی جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہوں گی جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے رانا آفتاب وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔ یاد رہے کہ سنی اتحاد کونسل نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار تبدیل کیا ہے، میاں اسلم اقبال کی جگہ اب رانا آفتاب احمد خان کو وزیراعلیٰ کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں میاں اسلم اقبال کی مشاورت سے پارٹی قیادت نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے رانا آفتاب احمد خان کو نامزد کیا ہے۔