پی ایس ایل سیزن 9: کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی

02-24-2024

(لاہور نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کے آج کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 176 رنز کا ہدف دیا تھا، کراچی کنگز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر ہدف آخری گیند پر پورا  کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی اننگز کھیلی، وین ڈے دوسان اور جارج لنڈے 26 سکور بنا کر نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے کیرن پولارڈ نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 5 چھکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے، شعیب ملک نے 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔     لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان اور احسن حفیظ نے 2،2جکہ شاہین آفریدی، جہانداد خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔