مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان سپیکر اور ظہیر اقبال چنڑ ڈپٹی سپیکر منتخب
02-24-2024
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان 224 ووٹ لے کر سپیکر اور ظہیر اقبال چنڑ 220 ووٹ لیکر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے، مریم نواز نے سیٹ سے اُٹھ کر ملک احمد خان اور ظہیر اقبال چنڑ کو مبارکباد دی۔
پنجاب اسمبلی کے سپیکر کیلئے ملک محمد احمد خان کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر سے تھا، سپیکر کے انتخاب کیلئے 3 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے جہاں 327 اراکین نے ووٹ کاسٹ کئے۔ مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان 224 ووٹ لے کر سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے، ان کی جیت پر ن لیگ کے ارکان نے شیر شیر اور مریم مریم کے نعرے لگائے۔ ملک محمد احمد خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی بننے کے بعد اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا اور سبطین خان نے ان سے عہدے کا حلف لیا، سپیکر ملک محمد احمد خان اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ایوان کی باقی کارروائی جاری رکھی۔ ڈپٹی سپیکر کے الیکشن میں سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض قریشی اور ن لیگ کے ظہیر اقبال چنڑ میں مقابلہ ہوا، سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سپیکر کے امیدوار معین ریاض قریشی 103 ووٹ حاصل کر سکے، ظہیر اقبال جنڑ نے ڈپٹی سپیکر کا حلف بھی اٹھا لیا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کے بعد شروع ہوا جبکہ سپیکر کے انتخاب کیلئے خفیہ رائے شماری کے تحت ووٹنگ کی گئی، سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 327 ارکان اسمبلی نے انتخاب میں حصہ لیا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز کی ایوان آمد پر ارکان نے شور شرابہ اور نعرے بازی کی، سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے نواز شریف کے خلاف نعرے لگا دیئے، جواب میں مسلم لیگ ن کے ارکان نے سیٹوں پر کھڑے ہو بانی پی ٹی آئی کے خلاف نعرے لگائے۔ اجلاس کے دوران خلیل طاہر سندھو کو مریم اورنگزیب نعرے لگانے کا اشارہ کرتی رہیں اور مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف شدید نعرے لگائے۔