پنجاب اسمبلی: سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے 2 پولنگ بوتھ قائم

02-24-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا جس کیلئے ایوان میں 2 پولنگ بوتھ قائم کر دیئے گئے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا، اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کریں گے۔ سپیکر کیلئے مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ملک محمد احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض مدمقابل ہوں گے، دونوں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہو گا، بوتھ کے اردگرد پردے لگا کر راز داری کو یقینی بنایا گیا ہے، پولنگ بوتھ کے اوپر باقاعدہ طور پر کنوپی بھی لگائی گئی ہے، راز داری کے پیش نظر پولنگ بوتھ کو مکمل طور پر کور کیا گیا ہے۔ سیکرٹری اسمبلی عامر حبیب نے بتایا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔