نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی بی ڈی روٹ 47 کا افتتاح کر دیا

02-24-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سی بی ڈی روٹ 47 کا افتتاح کر دیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی عمران امین نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ منصوبے پر ایک ارب روپے لاگت آئی، منصوبہ 60 دن میں مکمل کیا گیا، سی بی ڈی روٹ 47 کی دو رویہ سڑک 6 لینز پر مشتمل اور 4.247 کلومیٹر طویل ہے۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سی بی ڈی نے خود کو پنجاب کی ترقی کے لئے اثاثے کے طور پر منوایا ہے، سی بی ڈی روٹ 47 مین بلیوارڈ گلبرگ سے والٹن روڈ لنک ہو گا، اس سے لاہور کی ٹریفک کا بڑا مسئلہ حل ہو گا، پر امید ہوں کہ سی بی ڈی اپنے باقی تمام جاری منصوبے بھی وقت سے پہلے مکمل کرے گا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ سی بی ڈی نے سپیڈ اور محنت کے ساتھ پراجیکٹس مکمل کئے، سیکرٹری ہاؤسنگ اور سی بی ڈی کے عمران امین نے بڑی محنت سے کام کیا ہے، سی بی ڈی نے صحافیوں کیلئے کم لاگت کی ہاؤسنگ سکیم بھی شروع کی جس کی قرعہ اندازی ہو چکی ہے، سرکاری ملازمین کی ہاؤسنگ سکیم بھی جلد مکمل ہو گی۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، کمشنر لاہور، سی ای او سی بی ڈی عمران امین، سی او او بریگیڈیئر ریٹائرڈ منصور جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔