ناکامی کا خوف رکھنے والا شخص کبھی کامیاب نہیں ہوپاتا : نوازشریف

02-24-2024

(لاہور نیوز) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ناکامی کا خوف رکھنے والا شخص کبھی کامیاب نہیں ہوپاتا۔

قائد مسلم لیگ ن  اور چیئرمین شریف میڈیکل ٹرسٹ میاں نوازشریف نے شریف میڈیکل ٹرسٹ سٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناب شہبازشریف ،گورنر پنجاب،اساتذہ اورینگ ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں، آج اس پروقار تقریب میں شرکت پر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے، میں اساتذہ کرام کو بھی مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، اساتذہ کی محنت نے تمام طلبا کو اس مقام پر پہنچایا ہے۔ میاں نوازشریف نے کہاکہ طلبا کے والدین ان کی اس  کامیابی میں برابر کے شریک ہیں، شریف میڈیکل کالج برسوں پہلے لگایا گیا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے، شریف میڈیکل کالج میں داخلے کیلئے 100فیصد میرٹ کی شرط ہے شریف میڈیکل کالج میں سفارش نہیں میرٹ کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبا ملک کا مستقبل اور قوم کا سرمایہ ہیں، آپ نے پاکستان کی خدمت کرنی ہے،آپ نے کبھی مشکلات سے گبھرانا نہیں ، ستارے ہمیشہ اندھیرے میں زیادہ چمکتے ہیں، آپ مریضوں کا علاج کرتے ہوئے خود کو رحم دل بنائیں ، نوجوان ملک کو آگے تک لے کرجائیں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہاں سے کامیاب ہونے والے طلبہ عملی زندگی میں پاکستان کی خدمت کررہے ہیں ، آپ نے اصلاح اور معاشرے میں بہتری کیلئےدل لگا کر محنت کرنی ہے، آپ نے خود کو انتشار،گالی گلوچ اور بدتہذیبی سے دور رکھنا ہے، اللہ آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔  ہمارے والد کا لگایا ہوا پودا آج درخت بن چکا ہے : شہبازشریف تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کہا کہ چیئرمین شریف میڈیکل ٹرسٹ نوازشریف صاحب اورنامزد وزیراعلیٰ مریم نواز صاحبہ کوسلام پیش کرتا ہوں، ہمارے والد محترم میاں محمد شریف نے یہ پودا لگایا جو آج درخت بن چکا ہے ، جن کو آج میڈلز اور سرٹیفکیٹ ملے یہ ان کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں موجود عظیم والدین، قوم کے معماروں اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج یہاں ہزاروں طلبا خدمت کےحصول کیلئے محنت کررہے ہیں، آپ کا پیشہ مسیحائی ہے،عملی میدان میں جاکر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔  میاں شہبازشریف نے کہا کہ صحت ،بیماری ،زندگی اور خوشی، غمی اللہ کے ہاتھ میں ہے، آپ کے ذریعے جو مریض صحت یاب ہوں گے وہ قیامت تک دعائیں دیں گے، اس مقدس پیشے کا یہی نچوڑ ہے کہ آپ نے ذاتی پسند ، ناپسند کوبالائے طاق رکھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔