ہفتے میں محض 2 بار ورزش کرنا کیسا ہے؟ماہرین نے اہم بات بتا دی
02-23-2024
(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہےکہ ہفتے میں 2 بارورزش کرنا روزانہ کسرت کرنے کے برابر ہے۔
تفصیلات کےمطابق ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں ہفتے میں ایک یا دو سیشن ورزش کرنا پیٹ پر جمی چکنائی، کمر کی چوڑائی اور باڈی ماس انڈیکس میں کمی لانے میں اتنا ہی مؤثر ثابت ہوا جتنا روزانہ جم جانا تھا۔ تحقیق میں محققین نے جسمانی سرگرمی کے طریقے اور جسم پر موجود چکنائی کی حقیقی مقدار کے درمیان تعلق جاننے کی کوشش کی۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کے مطابق ہفتے میں 150 منٹ کی معتدل نوعیت کی جسمانی ورزش یا 75 منٹ کی سخت جسمانی ورزش کرنی چاہیے لیکن متعدد افراد اپنی پیشہ ورانہ یا گھریلو ذمہ داریوں کی وجہ سے ایسا نہیں کر پاتے۔ تحقیق میں دفتر میں کام کرنے والے، بس چلانے والے اور دیگر ملازمین کی جانب اشارہ کیا گیا جو دن کے کئی کئی گھنٹے کرسی پر بیٹھ کر کام کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنی روز مرہ زندگی میں ورزش کے معمول کی پیروی کرنے میں مشکلات سے گزرتے ہیں تاکہ سست زندگی بچ سکیں لیکن جم کے لیے وقت نہیں نکال پاتے۔ یہ تحقیق ان کو تندرست رہنے کےلیے ایک متبادل طریقہ فراہم کرتی ہے۔ محققین کے مطابق ان سرگرمیوں میں (ویک اینڈ واریئر یعنی وہ لوگ جو ہفتے میں ایک یا دو بار ورزش کرتے ہوں) کے لیے پہاڑ چڑھنا، ہائیکنگ، سائیکلنگ یا دوڑ لگانا جیسی تمام سرگرمیاں شامل ہیں۔