کرتار پور راہداری سے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے: صدر مملکت
02-23-2024
(ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری سے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرتار پور کوریڈور کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے، کرتار پور راہداری سے پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کے ایسے مزید اقدامات سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا، سکھ مذہب نے امن اور اتحاد، لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا درس دیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کی آسانی اور سہولت کے لئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں، مستقبل میں بھی یہ جاری رہنے چاہئیں۔ کرتار پور دورے کے دوران صدر مملکت کو سی ای او پروجیکٹ منیجمنٹ نے سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ اور صدر مملکت کو سکھ مذہب اور کرتار پور صاحب کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا، صدر مملکت کو اس موقع پرمیوزیم اور لنگر خانے کا بھی دورہ کرایا گیا۔