پی ٹی آئی کا کوئی بھی قدم ریاست اور جمہوریت مخالف نہیں ہو گا: بیرسٹر گوہر

02-23-2024

(ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی بھی قدم عوام، ریاست اور جمہوریت مخالف نہیں ہو گا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہر وہ کام کرے گی جس سے ملک میں قانون کی حکمرانی ہو، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ملک اور اس کے ادارے ہمارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن نہ ہوئے تو نقصان ہو گا، آپ خود ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف کو لیٹر لکھیں گے اور شام تک آپ کے ساتھ شیئر کریں گے، ہم ملک کے مفاد میں ہی آئی ایم ایف کو لیٹر لکھیں گے ،ملک کے خلاف خط نہیں لکھیں گے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جمہوریت اور ملک کی بالادستی کیلئے کوشاں رہے گی، ہم پاکستان میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں تاکہ یہاں ہر شہری کو انصاف مہیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم  نے کہا تھا کمشنر راولپنڈی اور اس کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے، کل آپ نے کمشنر راولپنڈی کی بات سنی فارم 45 کے بارے میں ایک لفظ نہیں بولے، فارم 45 ہی صحیح تھے فارم 47 جعلی ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی  نے کہا کہ ہماری پارٹی ایسا کوئی کام نہیں کرے گی جس سے ریاست کو خطرہ ہو، آپ کے سامنے لیٹر آ جائے گا پڑھ لینا، پی ٹی آئی ہی اپنے دور میں پناہ گاہیں، صحت کارڈ اور بیرون ممالک سے سرمایہ کاری لائی تھی۔