موبائل فونز کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 138 فیصد کا اضافہ ریکارڈ

02-23-2024

(ویب ڈیسک) موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 138 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات پر 988 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 138 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات پر 415 ملین ڈالر خرچ ہوئے تھے، جنوری میں موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 195 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 275 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں موبائل فونز کی درآمدات پر 52 ملین ڈالر خرچ ہوئے تھے، دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں موبائل فونز کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 11 فیصد کی نمو ہوئی، دسمبر میں موبائل فونز کی درآمدات پر 176 ملین ڈالر خرچ ہوئے جو جنوری میں بڑھ کر 195 ملین ڈالر ہو گئے۔