ناقص، غیر معیاری و جعلی کھادوں کی روک تھام کیلئے ڈیلروں کی پڑتال شروع

02-23-2024

(ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے بعض مقامات پر جعلی، ناقص، غیر معیاری کھادوں کی فروخت کی کچھ شکایات کا فوری سختی سے نوٹس لیتے ہوئے جعلی کھادوں کی تیاری و فروخت روکنے کیلئے کھاد ڈیلرز کی پڑتال شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ زراعت کے ڈویژنل و ضلعی حکام کے نام جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وہ محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل چیکنگ ٹیمیں تشکیل دیں جو مختلف ڈیلرز کی اچانک پڑتال کریں اور جعلی کیمیائی کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ اپنے ایک بیان میں محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر چوہدری عبدالحمید نے کہا کہ متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جعلی کھاد تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائیں تاکہ ذمہ داران کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت پنجاب کے حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، کاشتکاروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جس ڈیلرز سے کھاد خریدیں اس سے رسید ضرور حاصل کریں تاکہ بوقت ضرورت کارروائی میں آسانی ہو سکے۔