پنجاب کالج کیمپس ون اور ایوبیہ کیمپس میں سپورٹس گالا کا آغاز

02-22-2024

(لاہور نیوز) تعلیمی معیار کا نمایاں نام پنجاب کالج تفریحی سرگرمیوں میں بھی آگے ہے۔ پنجاب کالج کیمپس ون اور ایوبیہ کیمپس میں سپورٹس گالا کا آغاز ہو گیا۔

ڈائریکٹر پنجاب کالجز لاہور اے محمد عارف چودھری نے سپورٹس گالا کا افتتاح کیا، طالبات نے رسہ کشی ، سپون ریس، تھری لیگ ریس اور میوزیکل چیئر کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، گلوکاری اور فن موسیقی کا شوق رکھنے والے طلبا نے اپنی آواز کا جادو بھی جگایا، رنگ برنگے خوبصورت ثقافتی لباس پہنے پنجاب کالجز کی طالبات نے کلچرل واک میں حصہ لیا اور ایونٹ کو چار چاند لگا دیئے۔ ڈائریکٹر پنجاب کالجز لاہور اے محمد عارف چودھری نے خطاب میں کہا کہ تعلیمی اداروں میں بچیوں کو غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لینا چاہئے۔ چیئرپرسن سٹوڈنٹس افیئر پنجاب کالجز حلیمہ سعدیہ نے کہا ایسے پروگرامز پڑھنے والی بچیوں کی تھکان اُتار دیتے ہیں اور انہیں خوش دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے۔ طالبات نے پنجاب کالجز کے ایونٹ کو شاندار قرار دیتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سپورٹس گالا کی تقریب میں طالبات نے پنجابی ، سندھی، بلوچی، پشتون ، کشمیری اور گلگتی ملبوسات زیب تن کر کے پاکستانی ثقافت کے خوبصورت رنگ بکھیر دیئے۔