جعلی مینڈیٹ والوں کو حکومت دینے سے مسائل حل نہیں ہونگے: محمود الرشید

02-22-2024

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ والوں کو حکومت دے کر قوم کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ کے بدترین انتخابات ہیں، دھاندلی ہی دھاندلی ہے، لوگوں کو ایک ایک لاکھ جعلی ووٹ ڈال کر نتائج تبدیل کیے گئے، پورے سسٹم سے قوم کا عتماد اٹھ گیا، قوم گہری مایوسی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ والوں کو حکومت دے کر آپ قوم کے مسائل حل نہیں کر پائیں گے، 6 نہیں تو 8 ماہ بعد ان حکومتوں کا دھڑن تختہ ہو جائے گا، مریم کے پاس تو ووٹ ہی نہیں ہے، کوئی نہیں جیتے یہ، مریم کی  اپنی سیٹ پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کا کہا، قوم نے اپنا فرض پورا کیا، ارباب اختیار ہوش کے ناخن لیں، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کریں۔  محمود الرشید کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی جوڈیشل انکوائری کروائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو  اور مسائل میں گھری قوم بہتری کی طرف بڑھ سکے۔