پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان

02-22-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بہترین خدمات پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، انہوں نے بہترین خدمات پیش کرنے والے افسران و ملازمین میں اسناد تقسیم کیں۔ پی آئی ٹی بی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی آئی ٹی بی ملک بھر میں بہترین سروسز فراہم کررہا ہے، پنجاب میں ہر شعبے میں پی آئی ٹی بی کی خدمات کلیدی ہیں، پی آئی ٹی بی نے قلیل مدت میں بہت سے اہم منصوبے مکمل کیے۔ انہوں نے کہا کہ 13 ماہ کے دوران منصوبوں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کی، منصوبوں کی تکمیل پر پی آئی ٹی بی کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، گزشتہ ایک سال میں پی آئی ٹی بی نے لاتعداد منصوبوں کو مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی نے ہسپتالوں کا ایچ آئی ایم ایس نظام مکمل کیا، ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ایپلی کیشنز بناکر دیں، پی آئی ٹی بی عالمی معیار کے مطابق کام کررہا ہے۔  وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی پراجیکٹ جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہورہا ہے، دیگر ممالک سے بھی سیف سٹی پراجیکٹ کے منصوبے پی آئی ٹی بی کو ملیں گے۔