لاہور قلندرز کی شکست پر مصباح الحق بھی چپ نہ رہ سکے

02-22-2024

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کوچ و کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز سے ملنے والی شکست قلندرز کی مشکلات بڑھادے گی۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ لاہور قلندرز پہلے دس اوورز میں اچھا کھیل رہی تھی، باؤنڈریز بھی مل رہی تھیں پھر فخر زمان سپنرز کے سامنے رنز نہیں کرسکے۔ مصباح الحق نے کہا کہ قلندرز کو 180 رنز بنانے چاہیے تھے، فیلڈنگ میں قلندرز کی جانب سے غلطیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری اوورز میں فاسٹ بولرز نے افتخار احمد کو ان کے پسندیدہ ایریاز میں بولنگ کروائی، اوورز دینے میں بھی قلندرز کی جانب سے خامیاں نظر آئیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، قلندرز کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 167 کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر ایک اوور قبل حاصل کرلیا۔ افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، کپتان محمد رضوان 82 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی اور زمان خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔