فنی خدمات پر ناپا نے طلعت حسین کو اعزازی یادگار شیلڈ سے نوازا
02-22-2024
(ویب ڈیسک) نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) نے اپنے سابق فیکلٹی رکن اورناموراداکار و صداکار طلعت حسین کو فن اداکاری اوراس کی تعلیم وترویج میں ان کی خدمات کےاعتراف میں ایک اعزازی یادگار شیلڈ پیش کی ہے۔
ناپا کے سی ای او جنید زبیری اور بورڈ آف ڈائریکٹرزکے چیئرمین سید جاوید اقبال نے طلعت حسین کے گھر جاکر انہیں شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر سید جاوید اقبال نے طلعت حسین کی ریڈیو، ٹیلی وژن، فلم اورخاص کر تھیٹر میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلعت اس نسل کے ان چند نمائندوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے بڑی نفاست سے اداکاری کے ہر شعبے میں شائقین کو اپنے سحر میں رکھا۔ واضح رہے طلعت حسین ناپا کی فیکلٹی سے دو سال قبل اپنی گرتی صحت کی وجہ سے ریٹائرڈ ہوئے، بیماری کی وجہ سے وہ عموماً کسی سے ملاقات نہیں کرتے لیکن ان کے گھر والوں نے خاص طور سے ناپا کے وفد سے ملاقات کا بندوبست کیا تھا۔