بھارتی اداکار سونو سود کی پاکستانی مداح سے ملاقات پر جذباتی پوسٹ
02-22-2024
(ویب ڈیسک) ترکی کے شہر استنبول میں ایک پاکستانی مداح سے مختصر ملاقات نے بھارتی اداکار سونو سود کو جذباتی کردیا۔
اداکار نے انسٹاگرام پر پاکستانی مداح کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ ترکی میں ایک فرشتے سے ملے ہیں۔ سونو سود نے لکھا کہ انہیں مداح کا نام یاد نہیں رہا لیکن اس پاکستانی مداح نے انہیں دیکھتے ہی گلے لگایا اور زبردستی بیس پونڈ کا ایک نوٹ انہیں تھما دیا۔ اداکار کے مطابق پاکستانی نے ان سے کہا ’میرے بیٹے، تم غریبوں کیلئے بہت شاندار کام کررہے ہو، یہ میری طرف سے ایک چھوٹی سے شرکت ہے‘۔ سونو سود نے بتایا کہ وہ پاکستانی مداح سے بہت متاثر ہوئے اور ان کے نزدیک یہ بیس پونڈ لاکھوں ڈالروں سے زیادہ بیش قیمت ہیں۔ واضح رہے کہ سونو سود اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ویلفیئر کاموں کیلئے بھی بہت معروف ہیں اور کرونا وبا کے دوران انہوں نے ممبئی میں اپنا ہوٹل میڈیکل پروفیشنلز کے حوالے کردیا تھا۔