پاکستان میں ہر سال ڈھائی لاکھ افراد ٹی بی کے باعث جاں بحق ہوتے ہیں، ڈاکٹر ندیم جان

02-21-2024

(ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 2 لاکھ 50 ہزار افراد ٹی بی کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ٹی بی کا مرض پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے، ہمارا ملک دنیا بھر میں ٹی بی کیسز کے حوالے سے پانچویں نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا گلوبل فنڈ کے ساتھ مل کر نئے پروگرام میں 200 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جو ٹی بی، ملیریا، ایچ آئی وی ایڈز جیسی بیماریوں کے علاج معالجہ اور بچاؤ پر خرچ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا 500 ملین ڈالر کی ایک ایپلی کیشن لانچ کر رہے ہیں جس کے ذریعے دور کے علاقوں تک رسائی حاصل اور وہاں کے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولت پہنچائی جا سکے گی۔ نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنا رہے ہیں، ہیپاٹائٹس، ذیابیطس اور پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کیلئے 35.6 بلین روپے کا ایک پروگرام ہم نے شروع کیا تھا جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور جلد اس کو لانچ کر دیا جائے گا۔