حکومت نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا
02-21-2024
(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔
حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کینسر، ویکسین اور اینٹی بائیوٹک ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ وزارت صحت کے حکام کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے حکومت کو 262 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری بھیجی تھی تاہم حکومت نے لسٹ میں شامل جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق لسٹ میں شامل 116 ادویات کی قیمتیں فارماسیوٹیکل کمپنیاں خود بڑھائیں گی، حکومت اب صرف نیشنل اسینشل میڈیسنز لسٹ میں شامل 464 ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول رکھے گی۔ حکومت نے گزشتہ روز ادویات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرکے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو قیمتیں از خود بڑھانے کی اجازت دی تھی۔