الخدمت فاؤنڈیشن نے گزشتہ برس 21 ارب سے زائد فلاحی کاموں پر خرچ کئے، رپورٹ

02-21-2024

(لاہور نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے 2023 میں 21 ارب 49 کروڑ روپے فلاحی کاموں پر خرچ کئے جس کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق یتیم بچوں، طلبہ، مریضوں، ایمرجنسی ڈیزاسٹر و دیگر شعبوں میں 2 کروڑ 5 لاکھ افراد کی خدمت کی گئی جبکہ 39 ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹرز  کے ذریعے الخدمت کے 67 ہزار رضاکاروں نے 6 لاکھ 25 ہزار متاثرین کو ریلیف پہنچایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فاؤنڈیشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے نے گزشتہ سال 30 ہزار 840 متاثرہ خاندانوں کو فوڈ پیکیج، 8310 کو خیمے اور ٹینٹ فراہم کئے جبکہ صحت کے شعبے میں 7 ارب 50 کروڑ روپے سالانہ خرچ کیے جاتے ہیں۔ سال 2023 کے دوران 52 ہسپتالوں اور 50 میڈیکل سینٹرز کے ذریعے 1 کروڑ 2 لاکھ 21 ہزار افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کیں، الخدمت فاؤنڈیشن 22 آغوش سینٹرز اور گھروں میں 29 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فاؤنڈیشن 5269 مستحق طلباء و طالبات کو 436 ملین کی سکالر شپ فراہم کر چکی ہے، قیدیوں، معذوروں اور اقلیتی کمیونٹی سمیت دیگر طبقات کے 39 لاکھ 36 ہزار افراد کو امداد فراہم کی گئی، کاروبار کے لئے 14 ہزار افراد کو 43 کروڑ کے بلاسود قرض فراہم کر چکی ہے۔