پی ایس ایل9: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
02-21-2024
(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو مقررہ 20 اوورز میں جیت کیلئے 155 رنز کا ہدف دیا، کراچی کنگز نے 17 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے کیرون پولارڈ نے 21 گیندوں پر 49 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگ میں 4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جبکہ جیمز وینس 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک نے 29، محمد اخلاق نے 24 اور کپتان شان مسعود نے 12 رنز کھاتے میں ڈالے، پشاور زلمی کی جانب سے لیوک ووڈ نے 2 اور وقار سلام خیل نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ قبل ازیں پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کی پوری ٹیم 154 رنز پر پویلین لوٹ گئی، زلمی کے کپتان بابراعظم نے 72 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی لیکن رائیگاں گئی، دیگر کھلاڑیوں میں روومین پاول نے 39 اور آصف علی نے 23 رنز سکور کیے جبکہ 4 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے محمد حارث 6، ٹام کوہلر 2، عامر جمال 1، اور لیوک ووڈ 8 رنز ہی بنا پائے جبکہ صائم ایوب، محمد ذیشان اور وقار سلام خیل بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔ کراچی کنگز کی طرف سے میر حمزہ اور حسن علی نے 3،3، ڈینیئل سیمز نے 2 جبکہ محمد نواز اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔