ن لیگ ،پی پی کی اتحادی حکومت کے اچھے کام کی تائید کریں گے:طاہر اشرفی

02-21-2024

(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان علما کونسل طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی اتحادی حکومت نے اچھا کام کیا تو تائید کریں گے۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ 8فروری کو مسلح افواج اورقومی سلامتی کے اداروں نے پرامن طریقے سے الیکشن کا انعقاد کیا، ہم سپہ سالار،وزارت داخلہ اور سلامتی کے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور نگران وزیر اعظم کی کوششوں سے ڈالر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن ہوا تو ڈالر کی قیمت میں 50روپے تک کی کمی ہوئی۔ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف اور نگران حکومت کی کاوشوں سے حج پیکیج میں بھی ایک لاکھ روپے کمی ہوئی اگر ہم کام کرنا چاہیں تو مایوسی کی کوئی بات نہیں ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اتحاد کرکے حکومت کرنے کا اعلان کیا ہے، اگر یہ اچھا کام کریں گے تو ضرور تائید کریں گے۔