ریٹائرڈ اور مستعفی ججز کیخلاف کارروائی سے متعلق اپیل پر سماعت آج ہوگی

02-21-2024

(لاہور نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں ریٹائرڈ اور مستعفی ججز کیخلاف کارروائی سے متعلق حکومتی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت آج ہو گی۔

عافیہ شیر بانو کیس میں حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ آج سماعت کرے گا، اس کے علاوہ انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے کیس کی سماعت بھی آج ہوگی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے سابق جسٹس (ر) مظاہر نقوی نے سیکرٹری جوڈیشل کونسل کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ مستعفی ہونے کے باوجود میرے خلاف کارروائی جاری ہے، آئین اور قانون کے مطابق ریٹائرڈ ججز کیخلاف کارروائی سپریم جوڈیشل کونسل کا دائرہ اختیار نہیں۔ خط میں جسٹس (ر) مظاہر نقوی کا کہنا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل اپنے اختیار سے تجاوز کر رہی ہے، میں 10 جنوری کو مستعفی ہو چکا، صدر نے میرا استعفیٰ منظور کر لیا جس کا نوٹیفکیشن آفیشل گزٹ میں بھی شائع ہو چکا، میں آئینی، قانونی طور پر کونسل کی کارروائی کا حصہ بننے کا پابند نہیں۔ واضح رہے کہ 8 مارچ 2019ء کو سپریم کورٹ نے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ریٹائرڈ اور مستعفی ججز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی نہیں کر سکتی، جس کیخلاف وفاق اور عافیہ شیربانو نے اپیل دائر کر رکھی ہے۔