پنجاب میں حکومت سازی کیلئے (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج
02-21-2024
(لاہور نیوز) وفاق اور بلوچستان میں معاملات طے پانے کے بعد پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہو گا۔
بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے مذاکرات کیلئے اسلام آباد میں واقع اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر پہنچا، اس موقع پر مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، احسن اقبال اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں حکومت سازی کیلئے وفاق اور بلوچستان میں معاملات طے پا گئے، آصف زرداری کو صدر اور وزیر اعظم کا منصب شہباز شریف کو دینے پر اتفاق کیا گیا، سپیکر قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن) اور سینیٹ کی چیئرمین شپ پیپلز پارٹی کو دینے کا فیصلہ ہوا۔ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہ بننے کے موقف پر تاحال ڈتی ہوئی ہے، مذاکرات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی پیپلز پارٹی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مسلم لیگ (ن)، گورنر پنجاب پیپلز پارٹی، گورنر سندھ اور بلوچستان مسلم لیگ (ن) کا لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مرکز کی طرز پر بلوچستان میں بھی اتحادی مخلوط حکومت کا حصہ ہوں گے، مسلم لیگ (ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان کا عہدہ پیپلز پارتی کو دینے پر رضا مند ہو گئی، بی اے پی بھی اتحاد کا حصہ ہوگی، سپیکر بلوچستان بی اے پی سے ہو گا۔ وفاق اور بلوچستان میں معاملات طے ہونے کے بعد پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج جاتی امرا میں ہو گا جس کی صدارت نامزد وزیر اعلیٰ مریم نواز کریں گی، اجلاس میں پنجاب سے منتخب ہونے والے لیگی اراکین اسمبلی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ حکومت سازی، سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخاب بارے مشاورت ہوگی، تمام نو منتخب لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں لازمی شرکت کی ہدایت کر دی گئی۔