پنجاب میں ریکوائیڈ نمبر 149، ہمارے پاس 156 سیٹیں موجود ہیں: رانا ثنا اللہ

02-20-2024

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں ریکوائیڈ نمبر 149 ہے جبکہ ہمارے پاس 156 سیٹیں موجود ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک ڈاکو نے 2018ء میں حکومت بنائی تھی، ہم ڈاکو سے کہہ رہے تھے ہماری سیٹیں واپس کرو، ہم کہہ رہے تھے ہماری سیٹیں واپس کرنے کے بعد حکومت بناؤ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک ڈاکو نے ہمارے خلاف نیب کا چیئرمین لگایا، ویڈیو بنائی، چلائی اور اسے قابو کیا اور ہمیں جیلوں میں ڈالنا شروع کر دیا، 2013ء کے الیکشن کے بعد بھی یہی کچھ ہوا تھا، سپریم کورٹ کے ایک جج نے انکوائری کی، کمیشن نے جب کہا کچھ نہیں ہوا اس کے بعد بھی کسی نے نہیں مانا۔ رہنما ن لیگ نے مزید کہا کہ کمیشن کے کہنے کے بعد بھی دھرنے، جلسے جلوس ہوتے رہے، پورے 4 سال کسی کو سکون سے کام نہیں کرنے دیا گیا، غیرملکی طاقتوں کو بھی روکا گیا وہ پاکستان کی مدد نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کیلئے ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، ہم واضح طور پر کہہ رہے ہیں جے یو آئی کیساتھ کے پی کے میں دھاندلی ہوئی ہے، بلوچستان اور پنجاب میں بھی ہمیں دھاندلی کی شکایت ہے، 2018ء کے ڈاکو نے تو پولنگ ایجنٹوں کو ہی باہر نکال دیا تھا، 2018ء میں پولنگ ایجنٹوں کو گنتی کے عمل سے دور کر دیا گیا تھا۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ہر الیکشن میں الزام لگانے والا ہوتا ہے اور ایک پر الزام لگنا ہوتا ہے۔