پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف دے دیا

02-20-2024

(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف دے دیا۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم آخری گیند پر 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز اچھی کارکردگی دکھانے میں بری طرح ناکام ہوئے۔ اوپنر بلے باز ایلیکس ہیلس 2، کولن مونرو 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، آغا سلمان 52 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جورڈن کاکس 41، اعظم خان 13، کپتان شاداب خان 11، نسیم شاہ 2، فہیم اشرف ایک رن جبکہ عماد وسیم اور عبید شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی اور عباس آفریدی نے 3،3 ، اسامہ میر نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویلے نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 9 کے پہلے ٹاکرے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو دھول چٹائی تھی جبکہ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو شکست کا مزہ چکھایا تھا۔