2024ء کے انتخابات میں جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں: سراج الحق

02-20-2024

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 2024ء کے انتخابات میں جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ 8 فروری کی رات پولنگ سٹیشنوں پر نہیں قوم کے مستقبل پر ڈاکا ڈالا گیا، قوم ایسے عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی "عبرت ناک جیت "ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، سلیکٹڈ، امپورٹڈ سے ڈیفیکٹڈ وزیراعظم کی تشکیل کا سفر جاری ہے، عوام انہیں بخوبی جانتے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ جہاں عوام کے ووٹ کی قدر نہ ہو وہ ملک دنیا میں تماشا بن جاتا ہے ، 2024ء کے انتخابات میں جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں، انہیں حکومت سازی میں شدید مشکلات کا سامنا  ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ چوری کرکے نوجوانوں کو مزید مایوس کیا گیا، ہم 65 فیصد آبادی کو ناامیدی کے اندھیروں سے نکالیں گے، ملک میں سویلین بالادستی قائم کرنا ہو گی، عوام کے فیصلوں کا احترام کیا جائے۔