بارشی پانی کو محفوظ بنانے کا اقدام، قذافی سٹیڈیم میں واٹر ٹینک تعمیر کیا جائے گا

02-20-2024

(لاہور نیوز) بارشی پانی کو محفوظ بنانے کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیا گیا، قذافی سٹیڈیم میں لاہور کا سب سے بڑا واٹر ٹینک تعمیر کیا جائے گا۔

بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبے میں بڑی پیشرفت سامنے آ گئی، نگران پنجاب حکومت نے پہلے زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر کی منظوری دیدی، قذافی سٹیڈیم میں واٹر ٹینک کی تعمیر کا حکم دے دیا۔ نگران پنجاب حکومت نے واسا کو واٹر ٹینک کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کر دی، قذافی سٹیڈیم واٹر ٹینک کیلئے فنڈز منظور ہونے کے بعد رواں ہفتے ہی کام جاری ہونے کا امکان ہے، واسا نے سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے واٹر ٹینک کیلئے ایک ارب 43 کروڑ 30 لاکھ روپے کے فنڈز کی استدعا کی ہے۔ نئے پلان میں واسا نے واٹر ٹینک کے لئے سو فیصد فنڈز کا تقاضا پنجاب حکومت سے کیا، 50 فیصد فنڈز سپورٹس بورڈ اور 50 فیصد فنڈز پنجاب حکومت نے فراہم کرنے ہیں۔ پنجاب سپورٹس بورڈ نے 72 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز واسا کو فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔