عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی جوڈیشل انکوائری کیلئے درخواست دائر

02-20-2024

(لاہور نیوز) 8 فروری کو ہونے والے جنرل الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی جوڈیشل انکوائری کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔

شہری شبیر اسماعیل نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات جوڈیشل انکوائری کے ذریعے کروائی جائے۔ واضح رہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی نتائج کو دھاندلی زدہ قرار دیا جارہا ہے  اور سیاسی جماعتیں انتخابی نتائج کیخلاف اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروا چکی ہیں۔ علاوہ ازیں ہفتے کے روز سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں دھاندلی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں، میں اپنے ضمیر کا بوجھ اتار رہا ہوں۔