پولیس کی ویلفیئر کے لئے جو کر سکتے تھے کیا: وزیراعلیٰ محسن نقوی

02-20-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس کی ویلفیئر کیلئے جو کچھ کرسکتے تھے وہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا، محسن نقوی نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، انہوں نے خرم بلاک کا جائزہ لیا اور حوالات کا معائنہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے نئی عمارت کے تعمیراتی معیار کامشاہدہ کیا اور چھت پر بنائے گئے کیفے ٹیریا کے معیار کو سراہا، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ ملک لیاقت نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ماڈل تھانہ اچھرہ کا بھی افتتاح کیا، محسن نقوی نے ماڈل تھانہ اچھرہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور فرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا، انہوں نے ویٹنگ روم،ایس ایچ او اور میٹنگ روم کا معائنہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے اعلی معیار کی تعریف کی اور اے ایس پی شہر بانو اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس کی ویلفیئر کے لئے جو کر سکتے تھے کیا ،تھانوں میں سائلین کے ساتھ اچھا سلوک ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔ آئی جی عثمان انور نے وزیراعلیٰ کو پولیس سٹیشن اچھرہ کی تعمیر اور سائلین کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی،سیکرٹری داخلہ،سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ، ڈی آئی جی آپریشنز اور اعلیٰ پولیس حکام اس موقع پر موجود تھے۔