ماس ٹرانزٹ سسٹم کی مرمت کا کام اب ایل ڈی اے نہیں کرے گا
02-19-2024
(لاہور نیوز) ماس ٹرانزٹ سسٹم کی مرمت اور بحالی کا کام اب ایل ڈی اے نہیں کرے گا۔
میٹرو ٹریک کی حالت خراب ہونا بس کے حادثات کی بڑی وجہ بن گیا، سٹیشنز کے جنگلے، بیریئر، الیکٹریکل سامان کی ٹوٹ پھوٹ اور خرابی کا انکشاف ہوا ہے، میٹرو بس ٹریک پر ایک دہائی سے کارپٹنگ ہی نہیں کی گئی، شاہدرہ سے گجومتہ تک ٹریک کی کارپٹنگ نہ ہونے سے بھی بسوں کے حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے سول انفراسٹرکچر کی مرمت کے لئے ایل ڈی اے سے مزید کام کروانے سے معذرت کر لی، اتھارٹی نے کنٹریکٹر ہائر کرکے مرمت کا کام خود کرانے کا فیصلہ کر لیا، معاہدے کے مطابق سول انفراسٹرکچر کی مرمت کی ذمہ داری ایل ڈی اے کی تھی، ایل ڈی اے نے کئی برس سے ماس ٹرانزٹ انفراسٹرکچر کی مرمت ہی نہ کی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے کنٹریکٹر کی پری کوالیفکیشن کے لئے خود درخواستیں مانگ لیں، لاہور میٹرو بس اور میٹرو اورنج لائن ٹرین کی مرمت کے لئے کمپنی ہائر کی جائے گی۔ ہائر ہونے والی کمپنی شیڈز، روڈز، بس بیز اور کوریڈورز کی مرمت کا کام کرے گی۔