قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل
02-19-2024
(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں این اے 46، 47 اور 48 سے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کر دیئے۔
اسلام آباد کے حلقہ این 46، 47 اور 48 کی انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستوں پر ہائی کورٹ کے سنگل رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے احکامات جاری کئے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر طارق فضل چودھری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا، الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر طارق فضل چودھری کی این اے 47 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ انتخابات میں طارق فضل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 سے امیدوار تھے اور ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار شعیب شاہین تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے انجم عقیل کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی معطل کر دیا گیا ہے، وہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46 سے امیدوار تھے۔ اسی طرح اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 48 سے راجہ خرم نواز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی معطل کر دیا ، ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سید محمد علی بخاری تھے۔