آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ویپس فروخت کرنیوالے ملزمان گرفتار

02-19-2024

(ویب ڈیسک) اے این ایف نے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے چرس اور سی بی ڈی آئل سے بھرے ویپس و دیگر مواد برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

حکام کے مطابق اے این ایف نے اسلام آباد، لاہور اور ملتان میں بیک وقت کارروائی کی اور ویپس کی تقسیم میں ملوث بین الصوبائی منشیات فروش گروہ سے تعلق رکھنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے چرس کے تیل سے بھرے ویپس، سی بی ڈی آئل، ٹی ایچ سی آئل، بھنگ کے پودے سے بنے سگریٹ رول، چرس کا تیل، افیون اور چرس سمیت دیگر غیر قانونی مواد قبضے میں لے لیا گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان قدرتی مصنوعات اور ادویات کی فروخت کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور ای کامرس پلیٹ فارم کو منشیات کی سپلائی کے لئے استعمال کر رہے تھے، ملزمان کارگو کمپنیوں کے ذریعے بیرونی ممالک سے ممنوعہ اشیا درآمد کرتے تھے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ والدین نوجوانوں میں ویپ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کریں اور اپنے بچوں کے آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمز کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں، کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔