پنجاب کے آئندہ بجٹ کی منظوری کے حوالے سے محکمہ خزانہ گومگو کا شکار

02-19-2024

(ویب ڈیسک) پنجاب کا آئندہ بجٹ کون منظور کرے گا اس حوالے سے محکمہ خزانہ گومگو کا شکار ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت نے چار ماہ کا بجٹ دیا جو 29 فروری کو ختم ہو گا، اگر 29 فروری کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا تو پہلے اجلاس میں بجٹ پیش نہیں ہو سکتا۔ آئین میں بھی درج ہے کہ اسمبلی کے پہلے اجلاس میں کوئی بزنس نہیں ہو سکتا، پہلے اجلاس میں صرف سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے الیکشن کا شیڈول جاری ہوتا ہے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے منعقدہ اجلاس میں بجٹ منظور نہیں ہو سکتا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول جاری ہو گا، قائد ایوان کے انتخاب میں بھی بجٹ پیش نہیں ہو سکتا۔ محکمہ خزانہ کے ایک افسر کے مطابق پنجاب کا بجٹ اسی صورت پنجاب اسمبلی سے منظور ہو سکتا ہے جب اجلاس 22 فروری سے قبل ہو، اگر پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے ہوا تو پھر نگران کابینہ سے بجٹ منظور کرایا جائے گا۔